نائب وزیراعظم نے پاکستان کی پہلی گوگل کروم بک اسمبلی لائن کا افتتاح کردیا

نائب وزیراعظم  نے پاکستان کی پہلی گوگل کروم بک اسمبلی لائن کا افتتاح کردیا

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کی پہلی گوگل کروم بک اسمبلی لائن کا افتتاح کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اسے پاکستان کے ڈیجیٹل سفر کا ایک اہم موقع قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ کروم بکس کی مقامی سطح پر تیاری سے ڈیجیٹل ٹولز تک سستی رسائی دستیاب ہونے کے علاوہ خاص طور پر تعلیم کے شعبے میں استفادہ کیا جاسکے گا۔

نائب وزیراعظم  و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ تعلیم کے علاوہ یہ اقدام بڑی اقتصادی اہمیت کا حامل ہے اور یہ روزگار کی فراہمی، سپلائی چین کی ترقی اور مستقبل میں ٹیکنالوجی کی برآمدات کیلئے ایک صنعتی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

 نائب وزیراعظم نے کہا کہ گوگل کا پاکستان میں مقامی دفتر کھولنے کا فیصلہ صرف علامتی نہیں ہے، یہ قومی فخر اور ہمارے ملک کی ڈیجیٹل صلاحیت کی طاقتور توثیق کا لمحہ ہے ، یہ ایک سٹرٹیجک سنگ میل کی نمائندگی کرتا ہے جس کے ڈیجیٹل معیشت، اختراعی ایکو سسٹم اور عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے دور رس اثرات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوگل کی مقامی موجودگی اسے پاکستان کے اسٹارٹ اپس اور کاروباری افراد کے قریب لائے گی، جس سے براہ راست تعاون، صلاحیت کی تعمیر اور عالمی پلیٹ فارمز تک زیادہ رسائی ممکن ہوگی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ایک سٹرٹیجک ایم او یو کے تحت، پاکستان اور گوگل دونوں ملک بھر میں ایک لاکھ ڈویلپرز کو مہارت کی تربیت فراہم کرنے کے لیے تعاون کریں گے ، ہم مل کر عوامی تحفظ کیلئے مقامی ال پاورڈ سلوشنز جیسے اینڈرائیڈ سروسز کو بھی آگے بڑھائیں گے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت ایک ایسا ماحول بنانے کے لیے پرعزم ہے جہاں عالمی ٹیکنالوجی رہنما سرمایہ کاری، تعاون اور پائیدار مقامی موجودگی قائم کر سکیں۔

اپنے خطاب میں انہوں نے وزیرِ دفاعی پیداوار محمد رضا حیات اور اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد کی کوششوں کو بھی سراہا۔

یاد رہے کہ جون 2024 میں گوگل فار ایجوکیشن کے ملکی شراکت دار ٹیک ویلی (ٹیک ویلی)، نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی)، اور آسٹریلیا کی کمپنی الائیڈ نے خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں گوگل کروم بُک اسمبلی لائن قائم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کی پنجاب میں ‘ لیپ ٹاپ’ فیکٹری لگانے کی پیشکش

علاوہ ازیں گزشتہ روز ٹیک ویلی کے سربراہ کیون کیلِس کی قیادت میں ایک وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے لاہور میں ملاقات  کی تھی، اور پنجاب میں گوگل کروم بُک مینوفیکچرنگ فیکٹری کے قیام کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی، تاکہ ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم اور مقامی آئی ٹی انفرااسٹرکچر کو فروغ دیا جا سکے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *