ملکی معیشت کے لیے خوشخبری: اٹک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت

ملکی معیشت کے لیے خوشخبری: اٹک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت

پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ضلع اٹک کے علاقے ڈھوک سلطان میں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر دریافت کر لیے گئے ہیں۔ یہ دریافت ملکی توانائی کے شعبے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی، جس سے نہ صرف توانائی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ زرمبادلہ کی مد میں بھی نمایاں بچت ممکن بنے گی۔

تفصیلات کے مطابق ڈھوک سلطان میں کھدائی کے بعد یومیہ 1400 بیرل خام تیل حاصل ہونے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ کنوئیں سے روزانہ 2.5 ملین مکعب فٹ قدرتی گیس اور 15 ٹن ایل پی جی گیس بھی حاصل کی جائے گی۔ یہ منصوبہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے اپنے جوائنٹ وینچر پارٹنرز کے ساتھ مکمل کیا ہے۔

پی پی ایل انتظامیہ کے مطابق ڈھوک سلطان کے تین کنوؤں میں پی پی ایل کا 75 فیصد حصہ ہے، جبکہ دیگر پارٹنرز بقیہ حصہ دار ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دریافت شدہ قدرتی گیس سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کو فراہم کی جائے گی، جبکہ خام تیل اٹک آئل ریفائنری کو فروخت کیا جائے گا تاکہ ملکی پیداوار کو مؤثر طریقے سے استعمال میں لایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ’روشن معیشت بجلی پیکیج ‘ کا اعلان

توانائی کے ماہرین کے مطابق اس دریافت سے پاکستان کے درآمدی بل میں نمایاں کمی آئے گی، کیونکہ ملک اس وقت بڑی مقدار میں تیل اور گیس بیرونِ ملک سے درآمد کر رہا ہے۔ مقامی سطح پر توانائی کے وسائل کی تلاش اور ان کے استعمال سے معیشت کو سہارا ملے گا اور صنعتی پیداوار میں بھی اضافہ ممکن ہوگا۔

پی پی ایل حکام کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی کمپنی کی مسلسل تحقیق، ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور جدید ارضیاتی تجزیے کا نتیجہ ہے۔ توقع ہے کہ ڈھوک سلطان بلاک سے حاصل ہونے والی پیداوار مستقبل میں مزید بڑھ سکتی ہے، جس سے پاکستان کی توانائی خود کفالت کے سفر میں ایک نیا باب کھلے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *