وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کے تحت صوبے میں روزانہ 290 گھروں کی تعمیر جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کر دکھائے ہیں، جبکہ پنجاب کے عوامی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے لاہور کے الحمراء ہال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب روزانہ کی بنیاد پر وزیراعلیٰ پنجاب کے جاری منصوبوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ آج کے اجلاس میں انہوں نے سولہ منصوبوں کے بارے میں معلومات شیئر کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کئی ترقیاتی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ ماضی میں عوام کو محض دعووں اور جھوٹے وعدوں پر ٹرخایا گیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا “ستھرا پنجاب” پروگرام صوبے کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، جس کے تحت سیلاب متاثرین کے لیے کم سے کم وقت میں سروے مکمل کر کے امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے کسی منصوبے کو فائلوں میں دبایا نہیں جاتا، بلکہ ہر منصوبہ عملی شکل میں سامنے لایا جاتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کے پی کے عوام کی محرومیاں جلد ختم ہوں اور وہاں کے وزیراعلیٰ کو صوبے کے امن و امان کے مسائل بھی نظر آئیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں 50 لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں کے وعدے محض سیاسی نعرے تھے، جبکہ موجودہ حکومت نے حقیقی اقدامات سے عوامی فلاح کے منصوبے مکمل کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک بسوں کے منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے اور دوسرا مرحلہ 19 نومبر سے شروع کیا جائے گا، جس کے تحت دیگر اضلاع میں بھی الیکٹرک بسیں چلیں گی۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ “اپنی چھت اپنا گھر” اسکیم کے تحت لاکھوں خاندانوں کو قرضے فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ “دھی رانی پروگرام” کے ذریعے ہزاروں بچیوں کی شادیاں ممکن بنائی گئیں۔ اسی طرح وزیراعلیٰ مریم نواز کے شروع کردہ “چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام” کے تحت ایک سال میں 7 ہزار سے زائد بچوں کے آپریشن کیے جا چکے ہیں۔