پاسپورٹ فیس جمع کرانے کا نیا نظام متعارف، بینک کی قطاروں سے نجات

پاسپورٹ فیس جمع کرانے کا نیا نظام متعارف، بینک کی قطاروں سے نجات

پاکستانی شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت متعارف کرادی گئی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس  (ڈی جی آئی پی) نے پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کے لیے جدید آن لائن نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے بعد شہریوں کو اب نیشنل بینک آف پاکستان کی طویل قطاروں میں کھڑا ہونے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

ترجمان امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق نیا نظام عوام کی سہولت اور وقت کی بچت کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ شہری اب محض ایک منٹ میں پاسپورٹ فیس ادا کر سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے وزارتِ داخلہ کے تعاون سے ’پاسپورٹ فیس آسان‘ موبائل ایپ اور Paymaster.com.pk ویب پورٹل کو لانچ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نئے پاسپورٹ سے متعلق فراڈ، حکومت نے شہریوں کو خبردار کر دیا

ترجمان کے مطابق، شہری اب کسی بھی وقت اور کسی بھی مقام سے پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کر سکتے ہیں۔ اس نئے نظام کے تحت فیس کی ادائیگی کے لیے صارف کو سب سے پہلے  پیمنٹ سلپ آئی ڈی (پی ایس آئی ڈی) جنریٹ کرنا ہوگا۔ یہ آئی ڈی پاسپورٹ فیس آسان ایپ (جو اینڈرائیڈ اور آئی فون دونوں پر دستیاب ہے) یا  پے ماسٹر ویب سائٹ سے حاصل کی جا سکتی ہے۔

ادائیگی کے مختلف ذرائع

نئے آن لائن سسٹم کے تحت فیس کی ادائیگی کے لیے متعدد ذرائع فراہم کیے گئے ہیں، جن میں انٹرنیٹ بینکنگ، اے ٹی ایم، ایزی پیسہ، جاز کیش شامل ہیں۔

ادائیگی کے دوران صارف کو ’ون بل‘ آپشن منتخب کرکے  ’پی ایس آئی ڈی‘ نمبر سے پہلے 999999 درج کرنا ہوگا۔ فیس کی کامیاب ادائیگی کے بعد شہری اپنے قریبی پاسپورٹ آفس جا کر درخواست کا بقیہ عمل مکمل کر سکتے ہیں، بغیر کسی بینک کی قطار میں لگے۔

حکومتی مؤقف اور مقصد

ترجمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد پاسپورٹ کے اجرا کے عمل کو تیز، شفاف اور صارف دوست بنانا ہے۔ آن لائن فیس ادائیگی سے کرپشن، تاخیر اور انسانی مداخلت کے امکانات میں کمی آئے گی، جبکہ شہریوں کو گھر بیٹھے سروس فراہم ہوگی۔

مزید پڑھیں:علیمہ خان غیرحاضر، عدالت کا شناختی کارڈ، پاسپورٹ بلاک، بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم

میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے اس منصوبے کی منظوری وزارتِ داخلہ کے تعاون سے دی ہے اور جلد ہی پورے ملک کے پاسپورٹ دفاتر میں یہ نظام فعال کر دیا جائے گا۔

مزید یہ کہ مستقبل میں ڈیجیٹل شناختی نظام ’نادرا انٹیگریشن‘ کے ذریعے پاسپورٹ کی مکمل آن لائن درخواست اور فیس جمع کرانے کی سہولت بھی متعارف کرانے کا منصوبہ ہے، جس سے شہریوں کو پاسپورٹ کے اجرا کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔

عوامی ردِعمل

عوامی حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا یہ فیصلہ ڈیجیٹل پاکستان کی جانب ایک عملی قدم ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ نظام مؤثر انداز میں نافذ رہا تو پاسپورٹ بنوانے کا عمل پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان، شفاف اور تیز ہو جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ ‘ہماری کوشش ہے کہ ہر شہری کو سہولت فراہم کی جائے۔ اب پاسپورٹ فیس کی ادائیگی میں نہ وقت ضائع ہوگا، نہ بینک کی قطار میں کھڑا ہونا پڑے گا۔ صرف ایک کلک پر سارا عمل مکمل ہو جائے گا۔’

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *