سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر ضلع ننکانہ صاحب میں 5 نومبر کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب تسلیم اختر راؤ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق، 5 نومبر بروز بدھ ضلع بھر کے تمام سرکاری ادارے، تعلیمی ادارے، اسکول اور کالجز بند رہیں گے۔ تعطیل کا مقصد بابا گرونانک کے یومِ پیدائش کے موقع پر مذہبی تقریبات میں شرکت کرنے والے زائرین اور عقیدت مندوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
بابا گرونانک کا جنم دن ضلع ننکانہ صاحب میں ہر سال انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے، جہاں نہ صرف پاکستان بھر سے بلکہ دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری شرکت کرتے ہیں۔ اس موقع پر گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں خصوصی مذہبی رسومات، ارداس، اور نگر کیرتن کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق، زائرین کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس، ریسکیو 1122، اور دیگر متعلقہ ادارے پوری طرح متحرک رہیں گے تاکہ مذہبی تقریبات پرامن ماحول میں انجام دی جا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب نے کہا کہ ’بابا گرونانک کا پیغام امن، بھائی چارے اور انسانی مساوات کا علمبردار ہے، جسے دنیا بھر میں احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔‘ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
واضح رہے کہ بابا گرونانک کے جنم دن کے موقع پر ننکانہ صاحب میں سرکاری و نجی تعطیل ایک روایت کے طور پر منائی جاتی ہے، تاکہ زائرین بلا کسی رکاوٹ اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔