نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ایسے والدین کے لیے ایک اہم پیغام جاری کیا ہے جن کے بچوں کی عمر 18 سال سے زیادہ ہو چکی ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جن والدین کے بچوں کی عمر 18 سال سے تجاوز کر گئی ہے اور انہوں نے ابھی تک اپنا قومی شناختی کارڈ نہیں بنوایا، وہ اس میں تاخیر نہ کریں۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ان کا قومی حق دلوانے کے لیے فوری طور پر شناختی کارڈ بنوائیں کیونکہ 18 سال کی عمر میں شناختی کارڈ حاصل کرنا ذمہ دار شہری بننے کی پہلی سیڑھی ہے۔ پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ ہر شہری کو اپنا 14 ہندسوں والا قومی شناختی کارڈ بنوا کر اپنی شناخت درج کروانی چاہیے۔
نادرا نے یہ بھی بتایا ہے کہ متعلقہ خاندانوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے تاکہ والدین بروقت اس عمل کو مکمل کر سکیں۔
پہلی بار شناختی کارڈ بنوانے کے لیے مطلوبہ دستاویزات میں والدین یا بہن بھائیوں کے قومی شناختی کارڈ شامل ہیں۔ اگر درخواست گزار لے پالک یا لاوارث ہے تو قانونی سرپرست کا شناختی کارڈ اور سرپرستی کا قانونی ثبوت ضروری ہے۔ اس کے علاوہ ب فارم یا یونین کونسل، کنٹونمنٹ بورڈ سے جاری شدہ کمپیوٹرائزڈ پیدائش سرٹیفکیٹ، نیچرلائزیشن یا سٹیزن شپ سرٹیفکیٹ بھی ساتھ لانا ضروری ہے۔
نادرا نے شناختی کارڈ کے اجرا کا طریقہ کار بھی واضح کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں ٹوکن حاصل کریں اور اپنی باری کا انتظار کریں۔ دوسرے مرحلے میں بائیو میٹرک تصدیق کے لیے کاؤنٹر پر جائیں اور والدین یا بہن بھائیوں میں سے کسی ایک کی بائیو میٹرک تصدیق کروائیں۔ تیسرے مرحلے میں ڈیٹا انٹری کے دوران اپنی معلومات درج کروائیں، انگلیوں کے نشانات اور تصویر بنوائیں، پھر فارم کا پرنٹ لے کر کوائف چیک کریں اور غلطی کی صورت میں درستگی کروائیں۔
چوتھے مرحلے میں فارم کی تصدیق والدین یا بہن بھائیوں میں سے کسی ایک کے بائیو میٹرک سے کی جاتی ہے، بصورت دیگر فارم کو کسی گزیٹیڈ افسر یا عوامی نمائندے سے تصدیق کروانا ضروری ہے۔ اگر درخواست گزار کے پاس قانونی سرپرست ہے تو گزیٹیڈ افسر یا عوامی نمائندے سے تصدیق کے ساتھ قومی شناختی کارڈ رکھنے والے ایک گواہ کا حلف نامہ (فارم ’بی‘) پیش کرنا بھی لازم ہے۔
پانچویں مرحلے میں فائنل انٹرویو ہوتا ہے، جس میں نادرا آفس انچارج درخواست موصول ہونے کے بعد الفا، بیٹا اور گاما فیملی ممبران سے متعلق چند سوالات کرتا ہے جن کے جوابات دینا ضروری ہے۔
نادرا کے مطابق درخواست منظور ہونے کے بعد موبائل فون پر منظوری کا پیغام موصول ہوگا، جس کے بعد فیس مقررہ کیٹیگری کے مطابق جمع کروائی جا سکتی ہے۔ ایگزیکٹو کیٹیگری میں شناختی کارڈ 7 دن میں تیار ہوتا ہے جس کی فیس 2500 روپے ہے، ارجنٹ کیٹیگری میں 15 دن کے اندر 1500 روپے اور نارمل کیٹیگری میں 30 دن کے اندر شناختی کارڈ کے لیے 750 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ مدت پوری ہونے پر نادرا دفتر سے رسید دکھا کر شناختی کارڈ وصول کیا جا سکتا ہے۔