حکومت نے طلبہ کی حاضری کا نیا نظام متعارف کرادیا

حکومت نے طلبہ کی حاضری کا نیا نظام متعارف کرادیا

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعرات کے روز اسٹوڈنٹ اٹینڈنس مانیٹرنگ اینڈ ریڈریس سسٹم (SAMRS) کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ یا پاکستان کی کسی بھی صوبائی حکومت کی جانب سے پہلی بار ایسا جامع ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف کرایا گیا ہے جو طلبہ کی حاضری، اسکول کے انفراسٹرکچر، اساتذہ کی کارکردگی اور تعلیمی نتائج کو ایک مربوط نظام کے تحت جوڑتا ہے۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ صرف ایک مانیٹرنگ ٹول نہیں بلکہ ایسا جدید نظام ہے جو حکومت کو مفروضوں کے بجائے حقائق کی بنیاد پر فیصلے کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام واضح طور پر وہ مسائل سامنے لاتا ہے جن کا سامنا بچوں کو ہے اور ان کے مؤثر حل میں مدد فراہم کرتا ہے۔

تقریب میں صوبائی وزیرِ تعلیم سید سردار شاہ، ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولرما امگاابازار، یونیسف، گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن، ایشیائی ترقیاتی بینک، برٹش کونسل، جائیکا، اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے حکام، ماہرینِ تعلیم اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ SAMRS پہلے ہی 12 اضلاع کے 600 اسکولوں میں فعال ہو چکا ہے، جبکہ یونیسف کی مدد سے مزید چار اضلاع میں اس نظام کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے۔ اس نظام کے ذریعے نہ صرف طلبہ کی غیر حاضری کو ٹریک کیا جاتا ہے بلکہ ڈراپ آؤٹ کے خطرات کی پیش گوئی، فوری اقدامات اور اسکول مینجمنٹ میں بہتری کے لیے تجاویز بھی فراہم کی جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ اور بلوچستان کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ متوقع

مراد علی شاہ نے کہا کہ تعلیم کو صحت، غذائیت اور بچوں کے تحفظ کے ساتھ جوڑنا ضروری ہے تاکہ SAMRS کو بچوں کی ویکسینیشن، طبی معائنے اور سماجی تحفظ کے نظاموں سے منسلک کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نادرا کے تعاون سے اب طلبہ کی شناخت سسٹم آئی ڈی کے بجائے بی فارم نمبر کے ذریعے کی جا رہی ہے تاکہ ہر بچے کا درست اندراج اور مدد یقینی بنائی جا سکے۔

ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولرما امگاابازار نے اس موقع پر کہا کہ SAMRS کوئی عطیہ یا ڈونر پر مبنی منصوبہ نہیں بلکہ سندھ حکومت کی اپنی منصوبہ بندی اور وژن کا نتیجہ ہے، جو صوبے میں تعلیم کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ ہائیکورٹ : جسٹس طارق جہانگیری کی ڈگری منسوخی کا جامعہ کراچی کا فیصلہ معطل

Related Articles