لاہور میں ڈی ایس پی انویسٹی گیشن کی بیوی اور بیٹی کے مبینہ اغواء کا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈی ایس پی عثمان حیدر کی بیٹی اور بیوی تھانہ برکی کی حدود سے لاپتہ ہوئیں۔ واقعہ کے بعد پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اغواء کا مقدمہ تھانہ برکی میں ڈی ایس پی عثمان حیدر کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا ۔ مقدمے میں نامعلوم افراد کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ڈی ایس پی عثمان حیدر ڈیوٹی سے واپس اپنے گھر پہنچے تو گھر پر تالا لگا ہوا پایا۔ گھر کے دروازے بند دیکھ کر انہوں نے اہل خانہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن بیوی اور بیٹی کے موبائل فون بھی بند ملے۔
ڈی ایس پی عثمان حیدر نے بیان میں بتایا کہ انہیں شبہ ہے کہ ان کی بیوی اور بیٹی کو نامعلوم ملزمان نے اغواء کیا ہے۔ پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے معاملے کی چھان بین کی جا رہی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اغواء کے اس واقعے نے محکمے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ لاہور پولیس نے ڈی ایس پی کی فیملی کی بازیابی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈی ایس پی عثمان حیدر گجر اس وقت کاہنہ انویسٹی گیشن میں تعینات ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور جلد ہی ملزمان تک پہنچنے کی کوششیں تیز کی جائیں گی۔ واقعہ کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔