ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے زبردست مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو صرف ایک رن سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ یہ میچ سنسنی خیز لمحات سے بھرپور رہا، جس میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن آخر میں قسمت پاکستان کے ساتھ رہی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی بلے بازوں نے شاندار آغاز کیا اور مقررہ 6 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔ خواجہ نافع نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے صرف 20 گیندوں پر 50 رنز بنائے، تاہم وہ ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ ان کے علاوہ عبدالصمد نے 34 اور کپتان عباس آفریدی نے 19 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایلکس روز سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے بھی دھواں دار آغاز کیا۔ کرس گرین اور کپتان ایلکس روز نے برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کو آخری اوور تک سنسنی خیز بنا دیا۔ کرس گرین نے 46 رنز اور ایلکس روز نے 36 رنز بنائے، تاہم پاکستانی باؤلرز نے نازک لمحات میں نپی تُلی باؤلنگ کے ذریعے میچ اپنے نام کر لیا۔ آسٹریلوی ٹیم 6 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنا سکی اور ایک رن سے شکست کھا گئی۔
پاکستان کی جانب سے شاہد عزیز، محمد شہزاد اور عباس آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ خواجہ نافع کو ان کی جارحانہ بیٹنگ اور عمدہ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان کی اس کامیابی کے بعد قومی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی ہے، جہاں اس کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔ ہانگ کانگ سکسز کے فائنل میچ کے لیے شائقین کرکٹ میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور پاکستانی ٹیم سے ایک اور شاندار کارکردگی کی امید کی جا رہی ہے۔