وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کی تقریب کا انعقاد اسلام آباد میں ہوا ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کا آج اہم دن ہے، علاقائی صورتحال کے پیش نظر توانائی بچت کیلئے اقدامات کئے۔
انہوں نے کہا کہ فائیو جی کی نیلامی کے حوالے سے کوششیں آج کامیاب ہوئیں ، فائیو جی کی نیلامی کے لیے حکومت نے مکمل ایکو سسٹم بنایا، ہم بلاک چین، اے آئی کی نئی انڈسٹری کی طرف بڑھ رہے ہیں،اسپیکٹرم کی نیلامی سے آئی ٹی برآمدات بڑھیں گی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ سپیکٹرم کی نیلامی سے آئی ٹی برآمدات بڑھیں گی، وزیر اعظم نے کل آن لائن کلاسز، ورک فرام ہوم کا اعلان کیا، علاقائی تنازع کے دوران یہ اقدامات اہم ہیں، اس سب کیلئے ہمیں سپیکٹرم کی ضرورت ہے، سپیکٹرم کی نیلامی کنیکٹوٹی کو بہتر بنائے گی۔
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزا فاطمہ کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی بار فائیو جی متعارف ہو رہا ہے، جدید دور میں آئی ٹی کی بہت اہمیت ہے، پاکستان کی معیشت کی بنیاد انٹرنیٹ ہے، جدید انٹرنیٹ کی سہولت ہر ایک کی ضرورت ہے۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ 4 سے 5 ماہ میں فائیوجی انٹرنیٹ کا باقاعدہ آغاز ہوگا، جدید اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، ملکی ترقی میں ایس آئی ایف سی کا اہم کردار ہے، فائیوجی انٹرنیٹ کے اجرا کے بعد ملک میں ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔
تقریب کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا کہ آج وہ دن آگیا جس کا خواب دیکھا تھا، سپیکٹرم کی نیلامی کو ممکن بنانے کیلئے تمام اداروں کا شکرگزار ہوں، ملک میں سپیکٹرم کی دستیابی سب سے بڑا چیلنج تھا، پی ٹی اے،فریکوینسی ایلوکیشن بورڈ نے سپیکٹرم کی دستیابی ممکن بنائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 5 جی انٹر نیٹ سروس سے ملک کے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی جدید سہولت میسر ہوگی، انٹر نیٹ کی فراہمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑی رکاوٹ ہے۔
میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل ہائی وے ہے، یہ پاکستان کا انجن ہے، آج پاکستان کیلئے تاریخی دن ہے، ہم نئے دور کا آغاز کر رہے ہیں، پاکستان ایشیا کا پہلا ملک ہے جس نے رائیٹ آف وے چارجز ختم کر دیئے، رائیٹ آف وے چارجز 36000 روپے فی کلو میٹر سے زیرو کر دیئے گئے۔