وفاقی دارالحکومت میں تیز رفتار گاڑیوں کی مبینہ ریس ایک المناک حادثے کا سبب بن گئی جہاں بے قابو لینڈ کروزر نے متعدد موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ کئی افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو میں اُٹھال چوک کے قریب پیش آیا جہاں ایک لینڈ کروزر اور دوسری گاڑی مبینہ طور پر تیز رفتاری کے ساتھ ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کر رہی تھیں کہ اسی دوران لینڈ کروزر بے قابو ہو کر سڑک کنارے موجود موٹر سائیکل سواروں پر چڑھ دوڑی۔
حادثے کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق ہوگے جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں فضل اور عامر نامی افراد کی شناخت ہو چکی ہے۔
متاثرہ افراد اور مقامی شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری اور مبینہ غیر قانونی ریس کے باعث پیش آیا۔ حادثے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا گیا اور شہریوں نے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
پولیس کے مطابق حادثے میں ملوث دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور موقع سے فرار ہو گئے تاہم ایک گاڑی کو تحویل میں لے کر تھانہ بھارہ کہو منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کے رجسٹریشن ریکارڈ اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
دوسری جانب کراچی میں بھی ٹریفک حادثات میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔ خیابان بدر روڈ کے قریب دو تیز رفتار گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور تین خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ اسی طرح گارڈن لیاری ایکسپریس وے کے قریب گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ دو دیگر افراد زخمی ہوئے۔
شہری حلقوں نے بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تیز رفتاری، غیر قانونی ریسنگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔