بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کتنا اضافہ ہوگا؟

بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کتنا اضافہ ہوگا؟

آئندہ مالی سال کے لیے وفاقی حکومت کا بجٹ 5جون کو پیش کیا جائے گا، جس کے بعد تمام صوبائی حکومتیں اپنے اپنے بجٹ پیش کریں گی، اس سلسلے میں پنجاب حکومت نے بھی آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری مکمل کر لی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاق اور صوبوں میں نئے مالی سال کے لیے بجٹ سازی کا عمل تیزی سے جاری ہے، پنجاب کا مالی سال 2026-27 کا بجٹ جون کے دوسرے ہفتے میں پیش کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

وزارت خزانہ پنجاب کے ذرائع کے مطابق صوبے کے آئندہ مالی منصوبے کا مجموعی حجم تقریباً 6 ہزار ارب روپے کے قریب ہوگا،بجٹ میں تعلیم، صحت، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، صفائی ستھرائی، زراعت اور امن و امان کے شعبوں کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ عوامی سہولتوں میں بہتری لائی جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ پنجاب کے وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان پیش کریں گے، حکومتی ذرائع کے مطابق یہ بجٹ کسی نئے محصول کے بغیر تیار کیا جا رہا ہے اور اس میں عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کی تجویز شامل نہیں۔

یہ بھی پڑھیں :آئی ایم ایف سے اتفاق، بجٹ کا خاکہ تیار، تنخواہ دار طبقے کیلئے کیا خوشخبری آئے گی؟

اسی طرح سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں وفاقی حکومت کے مطابق اضافہ کیے جانے کی توقع ہے تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے تقریباً ایک ہزار 600 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، جس سے صوبے میں بنیادی ڈھانچے، سڑکوں اور دیگر عوامی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔

ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور خدمات کے شعبے میں شرحوں میں ممکنہ رد و بدل کی تجاویز بھی زیر غور ہیں تاکہ آمدنی کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے اور وسائل میں اضافہ ہو سکے۔

پنجاب کو قومی مالیاتی کمیشن کے تحت ساڑھے چار کھرب روپے سے زائد رقم ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جو صوبائی آمدنی کا بڑا حصہ ہوگا،حکومتی ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں کسانوں، طلبہ اور مزدور طبقے کے لیے سبسڈی اور امدادی پروگرام جاری رکھنے کی تجویز بھی شامل ہے تاکہ کم آمدنی والے طبقات کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

editor

Related Articles