پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر اڑھائی بجے شروع ہوگا۔
پاکستان کو سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ گرین شرٹس نے پہلے ون ڈے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ دوسرے ون ڈے میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 8 وکٹوں سے فتح اپنے نام کی۔ دونوں میچوں میں پاکستان کے بیٹنگ اور باؤلنگ شعبے نے متوازن اور مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے باعث ٹیم بغیر دباؤ کے سیریز جیتنے میں کامیاب رہی۔
آخری میچ میں پاکستان کلین سویپ کر کے بڑا اعزاز حاصل کر سکتا ہے، جبکہ سری لنکن ٹیم اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور سیریز کا اختتام مثبت انداز میں کرنے کی خواہاں ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں ٹیمیں آج کے میچ میں چند تبدیلیاں بھی کر سکتی ہیں تاکہ بنچ پر موجود کھلاڑیوں کو بھی موقع فراہم کیا جا سکے۔
راولپنڈی میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس، رینجرز اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار شہر اور اسٹیڈیم کے اطراف تعینات ہیں، جبکہ تماشائیوں کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی جاری کیا گیا ہے۔
دوسری جانب 18 نومبر سے شروع ہونے والی سہ ملکی ٹی 20 سیریز کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے ٹی 20 سکواڈز نے گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی خصوصی ڈرلز کے ذریعے اپنی کارکردگی میں بہتری لانے پر توجہ مرکوز رکھی۔