بجٹ 27-2026 کی تیاریوں کیلئے وزیراعظم نے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی

بجٹ 27-2026 کی تیاریوں کیلئے وزیراعظم نے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی

شہباز شریف نے مالی سال 27-2026 کے وفاقی بجٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں سات رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے، جس میں خزانہ، اقتصادی امور، ترقی و منصوبہ بندی اور قانون کے وفاقی وزرا سمیت اہم حکام کو شامل کیا گیا ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے کمیٹی کے قواعد و ضوابط بھی طے کر دیے گئے ہیں، کمیٹی میں وفاقی وزیر قانون، چیف ٹیکنیکل ایڈوائزر مشرف رسول اور وزارت خزانہ کے ایڈیشنل سیکرٹری بجٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بجٹ سے متعلق تمام اہم امور کا تفصیلی جائزہ لے کر اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے، اس ضمن میں تجارت، بجلی، نجکاری اور دیگر وزارتوں کی مالی ضروریات کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ مالی سال 27-2026 کیلئے سرکاری ترقیاتی پروگرام کے حجم کا تعین بھی کمیٹی کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں :بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف ملے گا یا نہیں ؟ حکومت کا اہم موقف سامنے آگیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے 72 ارب روپے کے ونڈ فال منافع کی واپسی کے معاملے پر بھی غور کرے گی، اس کے علاوہ پاور ڈویژن سے متعلق بین الاقوامی مقدمات اور مالی تقاضوں کا تفصیلی جائزہ لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق آمدن پیدا کرنے والی وزارتوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ترقیاتی اخراجات کیلئے اپنی آمدن کا مخصوص حصہ مختص کریں،ماحولیاتی معاونتی فنڈز کے ذریعے گرین انیشی ایٹو پروگرام کے نئے منصوبوں اور ابتدائی کاروباری سرگرمیوں کی معاونت کا جائزہ بھی کمیٹی کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

کابینہ کے رائٹ سائزنگ فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے، جبکہ سرکاری اخراجات میں کمی اور مالی نظم و ضبط بہتر بنانے کیلئے مختلف تجاویز بھی طلب کی گئی ہیں۔

editor

Related Articles