سوئس حکام نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے لیے اعتماد اور مکمل رازداری پر مبنی ماحول فراہم کرتا رہے گا تاکہ بات چیت کا عمل مؤثر انداز میں آگے بڑھ سکے۔
سوئس حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برگن اسٹاک میں امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد سے متعلق مذاکرات جاری ہیں اور سوئٹزرلینڈ ان مذاکرات کے انعقاد کے لیے ضروری سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
سوئس وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ مذاکراتی عمل کی کامیابی کے لیے شرکاء کو پُراعتماد اور محفوظ ماحول فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے، اسی لیے بات چیت سے متعلق معلومات کو محدود رکھا جا رہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مذاکرات میں شریک شخصیات، وفود اور زیرِ بحث امور کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی جائیں گی، کیونکہ رازداری ہی ایسے حساس سفارتی عمل کی کامیابی کی بنیادی شرط ہے۔
سوئس وزارت خارجہ کے مطابق سوئٹزرلینڈ ہمیشہ سے بین الاقوامی تنازعات کے حل اور سفارتی رابطوں کے فروغ کے لیے غیر جانبدار کردار ادا کرتا رہا ہے اور موجودہ مذاکراتی عمل میں بھی اسی روایت کو برقرار رکھا جا رہا ہے۔