سپریم کورٹ آف پاکستان میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے چیف جسٹس آف پاکستان نے ہدایت کی ہے کہ یہ اجلاس 25 نومبر کو دوپہر دو بجے سپریم کورٹ میں منعقد کیا جائے۔
اجلاس میں ملک کی مختلف ہائیکورٹس میں اضافی ججز کی کنفرمیشن سے متعلق معاملات پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں جوڈیشل کمیشن سیکر ٹریٹ کی جانب سے پیش کیے گئے نئے مجوزہ ڈیٹا فارم پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
یہ فارم اضافی ججز کی کارکردگی، قانونی مہارت، عدالتی فیصلوں، کام کی رفتار اور مجموعی پیشہ ورانہ معیار کی بنیاد پر ان کی کنفرمیشن کا جائزہ لینے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کی تازہ ترین پیش رفت کے تحت وفاقی آئینی عدالت کی آفیشل ویب سائٹ بھی لانچ کر دی گئی ہے جس میں تمام ججز کی پروفائلز اور کیس لسٹ دستیاب ہیں۔
نئے ڈیٹا فارم کے تحت ججز کی تعیناتی کے عمل میں شفافیت بڑھانے، کارکردگی کی مانیٹرنگ اور مستقبل میں ججز کی کنفرمیشن کے معیار کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات متوقع ہیں۔
اجلاس میں اس فارم کے طریقہ کار، اس کے نفاذ کے اصول اور عدالتوں میں اضافی ججز کی تعیناتی کے عمل میں بہتری لانے کے لیے اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ اقدام عدالتی نظام میں شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار کے فروغ کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔ اجلاس میں شریک ارکان ججز کی کارکردگی، تجربے اور قانونی مہارت کی بنیاد پر کنفرمیشن کے معیار پر غور کریں گے اور اس کے مطابق سفارشات تیار کی جائیں گی تاکہ عدالتوں میں عدالتی عمل مزید مؤثر اور معیار کے مطابق ہو۔