اسلام آباد ہائی کورٹ سمیت چاروں صوبائی ہائیکورٹس میں مستقل چیف جسٹس صاحبان کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے جوڈیشل کمیشن کا 2 مئی کو ہونے والا اجلاس بھی ری شیڈول کردیا گیا ہے۔
آزاد ڈیجیٹل کے ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس ری شیڈول کر دیا گیا ہے جس کے لیے اب اجلاس 19 مئی کو ہوگا، اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ سمیت چاروں ہائیکورٹس میں مستقل چیف جسٹس صاحبان کی تعیناتی پرغور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بلوچستان ہائیکورٹ، سندھ اور پشاور ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس صاحبان کی تعیناتی پر بھی غور کیا جائے گا جبکہ 4 مئی تک چاروں صوبائی ہائیکورٹس کے لیے نامزدگیاں بھی طلب کر لی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ہائیکورٹس میں مستقل چیف جسٹس صاحبان کی تعیناتی کے لیے 3 سینیئرججز کے ناموں پرغور کیا جائے گا، واضح رہے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز سنیارٹی کا تنازع آئینی بینچ میں زیر سماعت ہے۔