ایف سی ہیڈکوارٹر پر خود کش حملہ، صدر، وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ، گورنرز کی شدید الفاظ میں مذمت

ایف سی ہیڈکوارٹر پر خود کش حملہ، صدر، وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ، گورنرز کی شدید الفاظ میں مذمت

پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر فتنہ الخوارج دہشتگردوں کے خود کش حملے کی ملک کی اعلیٰ قیادت نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اپنے الگ الگ بیانات میں حملے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں:بنوں میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر دہشت گردوں کا حملہ، 6 جوان شہید، 5 دہشت گرد ہلاک

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ایف سی کے بہادر جوانوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے دہشتگردی کے بڑے منصوبے کو ناکام بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے بڑے جانی نقصان سے بچایا۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت آخری دہشتگرد کے خاتمے تک افواج پاکستان اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی پشت پناہی جاری رکھے گی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ فتنہ الخوارج دہشتگردوں کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے والے جوان پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ کو مزید مضبوط ارادے سے جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے حملے کو انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور اس قسم کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے آئی جی خیبر پختونخوا سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت جاری کی ہے۔

مزید پڑھیں:پشاور فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر پر خوارج دہشتگردوں کا بڑا حملہ ناکام، 3 دہشتگرد ہلاک، 3 ایف سی جوان شہید 2 زخمی

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ایف سی جوانوں نے بہادری سے بڑی تباہی کو ٹالا اور ان کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کا خون ہرگز رائگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، جبکہ امن کے قیام اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے شہید اہلکاروں کے ایصالِ ثواب اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

ادھر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی حملے کی شدید مذمت کی ہے اور دہشتگردی کے خلاف مل کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *