دبئی کی سڑکوں پر اب مفت گرم کھانا فراہم کرنے والی جدید مشینیں نصب کر دی گئی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ منصوبہ دبئی کے اوقاف فاؤنڈیشن کے زیر انتظام چلنے والے ادارے کے ذریعے عمل میں لایا گیا ہے اور یہ 2022 میں شروع ہونے والے منصوبے “خبز السبیل” کا حصہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت ضرورت مند افراد کو اسمارٹ مشینوں کے ذریعے مفت تازہ روٹی فراہم کی جا رہی ہے، اور اب اس سہولت میں مزید توسیع کرتے ہوئے گرم کھانے کی دستیابی ممکن بنائی گئی ہے۔
اوقاف فاؤنڈیشن کے مطابق مفت کھانا فراہم کرنے والی یہ مشینیں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں اور استعمال میں آسانی کے لیے ہر مشین پر ڈیجیٹل اسکرین موجود ہے۔ مشینوں میں کھانے کی تازگی برقرار رکھنے کے لیے کولنگ سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے تاکہ ضرورت مند افراد کو ہمیشہ تازہ اور صحت مند کھانا فراہم کیا جا سکے۔
صارفین کے لیے اسمارٹ شناختی نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت ہر شخص روزانہ صرف ایک کھانا حاصل کر سکے گا۔ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ تقسیم میں انصاف برقرار رہے اور زیادہ سے زیادہ ضرورت مند افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اوقاف دبئی کے سیکرٹری جنرل علی المطوع نے کہا کہ یہ مشینیں دبئی کی کئی مساجد کے قریب نصب کی گئی ہیں اور آئندہ ضرورت کے مطابق مزید علاقوں میں ان کی تعداد بڑھائی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مفت کھانے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
یہ اقدام دبئی میں فلاحی سرگرمیوں کو مزید منظم کرنے اور ضرورت مندوں کی فوری مدد کو یقینی بنانے کی کوشش کے طور پر سامنے آیا ہے۔ شہری اور ضرورت مند افراد اس سہولت سے براہ راست فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جبکہ حکومت اور فلاحی اداروں کا مقصد اس منصوبے کو ملک بھر میں توسیع دینا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا ہے۔