خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان شفیع جان نے تیراہ میں بھنگ کاشت ہونے کا اعتراف کرلیا

خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان  شفیع جان نے تیراہ میں بھنگ کاشت ہونے کا اعتراف کرلیا

معاون خصوصی برائے اطلاعات کے پی کے شفیع جان نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام خبر ود مالک میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی ملکیتی زمین پر پوست (بھنگ) کاشت کی خبریں بے بنیاد ہیں تاہم یہ حقیقت ہے کہ تیراہ کے علاقے میں گزشتہ بیس سال سے پوست (بھنگ) کی کاشت ہورہی ہے۔

شفیع جان نے سوال اٹھایا کہ اس بات کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں کہ جب صوبائی حکومت اس کے خلاف کاروائی کرنے لگتی ہے تو وہ کون سے عناصر ہیں جو صوبائی حکومت کا راستہ روکتے ہیں ، وہ کون سے عناصر ہیں جو اس کی کاشت سے مالی فائدے حاصل کررہے ہیں۔

پروگرام کے میزبان محمد مالک نے کہا کہ ایسی ویڈیوز سوشل میڈیا پر موجود ہیں جس میں بتایا جارہا ہے کہ تیراہ میں نہ صرف پوست (بھنگ) کی کاشت ہوتی ہے بلکہ جمعہ کے روز باقاعدہ منڈی لگتی ہے اور پوست سرعام فروخت کی جاتی ہے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے کواڈینیٹر اختیار ولی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی ناک کے نیچے منشیات کا کاروبار ہوتا ہے، آج مان لیا ہے کہ وہاں پوست کاشت ہوتی ہے، اب وہاں جاکر اس منشیات کے کاروبار کو روکیں۔

Related Articles