پنجاب حکومت نے ضلع اٹک اور چکوال میں معدنی زخائر اور ماحول کے تحفظ کے لیے دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد قدرتی وسائل کی بے جا کھدائی اور درختوں کی کٹائی کے منفی اثرات کو روکنا ہے۔
حکومت پنجاب نے ضلع اٹک میں سونے کی بغیر اجازت کان کنی پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس کے علاوہ، دریائے سندھ کے اطراف سونے سمیت تمام معدنیات کی بلا اجازت کھدائی پر بھی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ کان کنی یا کھدائی کی مشینری کی نقل و حمل پر بھی 2 ماہ کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کا اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر کمی کا اعلان
ضلع چکوال میں درختوں کی کٹائی اور ان کی نقل و حمل پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یہ پابندی نجی اور سرکاری دونوں زمینوں پر لاگو ہوگی۔ اس کے تحت، ضلع چکوال میں درختوں کی کٹائی اور ٹمبر کی نقل و حمل پر مکمل پابندی ہوگی۔
حکومت پنجاب نے یہ اقدامات قدرتی ماحول، مقامی آبادی اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے اٹھائے ہیں۔ بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلوں کے خطرات کو بڑھا رہی ہے، جس کے پیش نظر یہ پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق، یہ پابندیاں 60 روز کے لیے نافذ رہیں گی۔