حکومتِ پاکستان نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت جاری بینظیر کفالت پروگرام کی سہ ماہی قسط میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے تحت مستحق خواتین کو دی جانے والی امدادی رقم 13 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 14 ہزار 500 روپے کر دی گئی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اس فیصلے سے ملک بھر میں رجسٹرڈ لاکھوں مستحق خواتین مستفید ہوں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور معاشی دباؤ کے پیش نظر یہ اقدام کیا گیا ہے تاکہ کم آمدن والے گھرانوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور خواتین کو مالی طور پر مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی حکومت نے بینظیر کفالت پروگرام کی سہ ماہی قسط میں دو ہزار روپے کا اضافہ کیا تھا، جس کے بعد رقم 10 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 13 ہزار 500 روپے کر دی گئی تھی۔ موجودہ اضافہ اسی سلسلے کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد کمزور اور پسماندہ طبقے کو معاشی سہارا فراہم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق نئی رقم کی ادائیگی آئندہ سہ ماہی سے شروع کی جائے گی اور مستحق خواتین کو باضابطہ طریقہ کار کے تحت ادائیگی مراکز اور بینکنگ چینلز کے ذریعے رقم فراہم کی جائے گی۔ بی آئی ایس پی انتظامیہ نے مستحقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف سرکاری پیغامات اور تصدیق شدہ ذرائع پر اعتماد کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ اطلاع یا ایجنٹ سے محتاط رہیں۔