موبائل فون کی ایک بظاہر معمولی اور پوشیدہ سیٹنگ آج کل خطرناک فراڈ کا ذریعہ بن چکی ہے، جس کے ذریعے ہیکرز نہ صرف آپ کی کالز بلکہ او ٹی پیز تک رسائی حاصل کر کے آپ کا بینک اکاؤنٹ خالی کر سکتے ہیں۔
حیران کن بات یہ ہے کہ اس عمل کے لیے انہیں نہ آپ کے پاس ورڈ کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی براہِ راست او ٹی پی کی ، صرف ایک سادہ سی کال یا کوڈ ڈائل کروانا ہی کافی ہوتا ہے۔
یہ فراڈ ایک سادہ سی کال کرنے یا مخصوص کوڈ ڈائل کروانے کے ذریعے کیا جاتا ہے، جسے کال فارورڈنگ اسکیم کہا جاتا ہے۔اس اسکیم میں ہیکرز خود کو بینک نمائندہ، کسٹمر کیئر ایگزیکٹو یا ڈیلیوری بوائے ظاہر کر کے آپ کو کال کرتے ہیں اور بڑی مہارت سے آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ کے اکاؤنٹ یا نیٹ ورک میں کوئی مسئلہ ہے ، جسے ٹھیک کرنے کیلئے آپ کو اپنے فون سے ایک مخصوص کوڈ (جیسے 21# یا 401#) ڈائل کرنا ہوگا۔
اکثر لوگ اس انجان کال کو سنجیدگی سے نہیں لیتے یا سامنے والے کی باتوں میں آ کر دیے گئے کوڈز ڈائل کر دیتے ہیں ، یہی لاپرواہی آپ کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
اس کے بعد آپ کے کالز، میسجز اور اوٹی پی کسی اور نمبر پر منتقل ہونے لگتے ہیں اور آپ کو خبر بھی نہیں ہوتی، جب کال فارورڈنگ ایکٹیو ہو جاتی ہے تو آپ کے تمام بینک اوٹی پی اور تصدیقی کالز آپ کے بجائے ہیکر کے نمبر پر جانے لگتی ہیں۔
اب وہ باآسانی آپ کے بینک اکاؤنٹ سے رقم نکال سکتا ہے، حتیٰ کہ آپ کے واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک بھی رسائی حاصل کر سکتا ہے۔
اس اسکیم کے خطرناک ہونے کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ اس کے لیے کوئی ایپ انسٹال نہیں کرنی پڑتی۔ کئی بار اوٹی پی بھی خود دینے کی ضرورت نہیں پڑتی، یعنی سب کچھ خاموشی سے ہوتا ہے اور آپ کو تب پتا چلتا ہے جب نقصان ہو چکا ہوتا ہے۔
کیا آپ کی کالز فارورڈ ہو رہی ہیں؟ اس کے لیے اپنے فون کی سیکیورٹی چیک کرنے کے لیے ابھی #62# یا #21# کوڈ ڈائل کریں۔
اگر ڈائل کرنے کے بعد اسکرین پر کوئی انجان نمبر نظر آئے، تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کی کالز کہیں اور موصول ہو رہی ہیں ، اپنے فون کی کال سیٹنگ میں جا کر کال فارورڈنگ آپشن دیکھیں ، اگر وہاں کوئی نامعلوم نمبر درج ہو تو فوراً ہٹا دیں۔
کال فارورڈنگ کیسے بند کریں؟ تو اس کا طریقہ یہ ہے کہ اگر شک ہو کہ آپ کا فون ہیک ہو گیا ہے یا کال فارورڈنگ ایکٹیو ہے تو فوراً ##002# کوڈ ڈائل کریں ، یہ کوڈ تمام کال فارورڈنگ سیٹنگز کو بند کر دیتا ہے۔
کسی بھی نامعلوم کال پر اپنے فون سے کوئی بھی مخصوص کوڈ ڈائل نہ کریں، اگر کوئی ڈیلیوری یا نیٹ ورک کا بہانہ بنا کر کوڈ دبانے کا کہے، تو فوری کال منقطع کریں۔
اپنا اوٹی پی یا پن کبھی کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں، اگر خدانخواستہ فراڈ ہو جائے تو فوری طور پر سائبر کرائم ہیلپ لائن پر رابطہ کریں یا سرکاری ویب سائٹ پر شکایت درج کروائیں۔