سعودی عرب کے بعد دوحہ میں ’پاکستان زندہ باد‘ کی گونج، وزیراعظم شہباز شریف کا قطر پہنچنے پر پرتپاک استقبال

سعودی عرب کے بعد دوحہ میں ’پاکستان زندہ باد‘ کی گونج، وزیراعظم شہباز شریف کا قطر پہنچنے پر پرتپاک استقبال

f,lوزیراعظم محمد شہباز شریف اپنے اہم سرکاری دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔

وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف جوں ہی قطر کی فضائی حدود میں داخل ہوئے تو قطرکے جٹ طیاروں نے ان کے طیارے کو انپے حصار میں لے کر شاندار استقبال کیا جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے انتہائی پرجوش انداز میں فضا میں ہی ان طیاروں کو سلیوٹ کیا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے طیارے سے ہی مائیک پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کا شاندار استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

فضا سے اپنے پیغام میں شہبازشریف نے عربی اور انگلش دونوں زبانوں میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے قطر کی فضا میں داخل ہوتے ہی قطر کے طیاروں نے ہماری فلائٹ کو اپنے حصار میں لے کر ہمیں انتہائی عزت بخشی، اس پر ہم امیر قطر کے بے حد شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان انتہائی برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہیں اور پاکستان ان تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

بعد ازاں دوحہ ایئرپورٹ پر قطر کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور سلطان بن سعد المریخی نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر قطری مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور سلامی دی۔

وزیراعظم کے اعزاز میں دوحہ ایئرپورٹ اور شہر کی اہم شاہراہوں کو پاکستان اور قطر کے پرچموں سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی علامت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ ’منامہ‘، بحرینی قیادت کے ساتھ دفاع سمیت اہم شعبوں میں تعاون پراتفاق

اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف امیرِ قطر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ون آن ون ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ خطے کی صورتحال اور عالمی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور بین الاقوامی میڈیا کے ترجمان مشرف زیدی بھی موجود ہیں۔

قطر اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی بنیاد مضبوط مذہبی اور ثقافتی رشتوں پر استوار ہے۔ قطر پاکستان کے لیے توانائی (ایل این جی) کا ایک بڑا فراہم کنندہ اور لاکھوں پاکستانیوں کے لیے روزگار کا مرکز ہے۔

حالیہ عالمی معاشی تناظر اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال میں وزیراعظم کا یہ دورہ تزویراتی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان اس وقت خلیجی ممالک سے سرمایہ کاری کے حصول کے لیے کوشاں ہے، اور قطر اس سلسلے میں ایک اہم شراکت دار کی حیثیت رکھتا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *