بارڈر پر عبرتناک شکست کے بعد پاک افغان سرحد پر کشیدگی کے دوران افغان طالبان رجیم کی جانب سے مبینہ طور پر جھوٹی اور من گھڑت خبروں کے پھیلاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے مسلسل ایسی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں ۔
ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر افغان طالبان کی حمایت میں بھارتی خفیہ ایجنسی “راء” سے منسوب اکاؤنٹس بھی مبینہ طور پر جھوٹا بیانیہ پھیلانے میں سرگرم ہیں۔
دوسری جانب ضلع خیبر میں پاک افغان سرحد کے مختلف مقامات پر پاک فوج اور افغان فورسز کے درمیان دوطرفہ فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جھڑپ ضلع خیبر کے علاقے بازار ذخہ خیل کے مقامات مارو سر اور شاہ کوٹ سر پر ہو رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ فائرنگ کا آغاز شام 5 بج کر 15 منٹ پر ہوا۔
پاک فوج نے افغان خوارج کے بزدلانہ حملوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے سرحد پار بیٹھے دشمنوں کو لرزہ طاری کر دیا۔ باجوڑ، کرم اور مہمند ایجنسی سے سیکیورٹی فورسز کی تباہ کن کارروائی میں دشمن کے متعدد ٹھکانے نیست و نابود کر دیے گئے۔
پاک فوج کی جانب سے آپریشن جاری ہے، توپوں کی گرج کے ساتھ سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ مشین ناو میں 3، گوشتہ کے علاقے انارگی میں 2، اور ضلع کنڑ کی تحصیل انارگی کے علاقے دوکلام میں 4 چوکیوں پر قبضہ حاصل کر لیا گیا۔ افغان طالبان اپنی اسلحہ اور لاشیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔