پنجاب ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں اہم ریلیف فراہم کر دیا ہے، جس کے تحت شہریوں کو اب ایک ہی دن میں لرننگ اور ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جا رہا ہے۔
اس اقدام کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور لائسنسنگ کے عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنانا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس نئی سہولت کے بعد موٹر سائیکل سواروں کو مختلف مراحل میں وقت ضائع نہیں کرنا پڑے گا بلکہ وہ ایک ہی دن میں دونوں لائسنس حاصل کر سکیں گے، اس اقدام کو شہریوں کے لیے ایک بڑی آسانی قرار دیا جا رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال پنجاب بھر میں موٹر سائیکل سواروں کو 23 لاکھ 54 ہزار لائسنس جاری کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ 10 لاکھ سے زائد شہریوں نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بنوائے ہیں، جو کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کی بڑھتی ہوئی شرح کو ظاہر کرتا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 6 لاکھ 71 ہزار سے زائد شہریوں نے اپنے لرنر اور ریگولر لائسنس کی تجدید کروائی ہے، جبکہ 7 لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد نے لرننگ سہولیات سے فائدہ اٹھایا ہے، یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ عوام میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے حوالے سے آگاہی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثات میں بڑی تعداد ان افراد کی ہوتی ہے جو بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلاتے ہیں، جس سے نہ صرف ان کی اپنی جان خطرے میں پڑتی ہے بلکہ دوسروں کے لیے بھی مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا ہے کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی ، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھاری جرمانوں اور قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے فوری طور پر اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کریں تاکہ محفوظ اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کو یقینی بنایا جا سکے۔