خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ’6‘ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائی تھانہ لاچی کی حدود میں محکمہ انسداد دہشتگردی اور کوہاٹ پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران عمل میں آئی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ ’شہباز الہٰی‘ کے مطابق سی ٹی ڈی اور کوہاٹ پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ تھانہ لاچی کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کا ایک گروہ موجود ہے جو کسی بڑی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ اطلاع کے مطابق یہ عناصر حساس مقامات اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی تیاری میں تھے۔
خفیہ اطلاع ملنے کے بعد سی ٹی ڈی اور کوہاٹ پولیس نے فوری کارروائی کا فیصلہ کیا اور علاقے میں مشترکہ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن شروع کر دیا۔ اس آپریشن میں سی ٹی ڈی کے خصوصی دستوں اور پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا جبکہ علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بھی سیل کر دیا گیا تاکہ دہشتگرد فرار نہ ہو سکیں۔
ڈی پی او شہباز الہٰی کے مطابق جیسے ہی سیکیورٹی اہلکاروں نے مشتبہ ٹھکانوں کی طرف پیش قدمی کی تو دہشتگردوں نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ دہشتگردوں کی فائرنگ کے جواب میں پولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں دونوں جانب سے کچھ دیر تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ’6‘ دہشتگرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے جن میں خودکار ہتھیار، دستی بم اور دیگر جنگی سازوسامان شامل ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ یہ بھی جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ان کا تعلق کس شدت پسند تنظیم سے تھا اور وہ علاقے میں کب سے سرگرم تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشتگرد علاقے میں تخریبی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جسے بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا۔
آپریشن کے بعد سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور مزید ممکنہ دہشتگردوں کی موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کے اہلکار قریبی علاقوں، گھروں اور پہاڑی مقامات کی بھی تلاشی لے رہے ہیں تاکہ کسی بھی مشتبہ شخص کو گرفتار کیا جا سکے۔
ڈی پی او کوہاٹ شہباز الہٰی نے کہا کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ایسے آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور دہشتگردی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے دہشتگردوں کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق علاقے میں صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے جبکہ شہریوں کو بھی محتاط رہنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔