وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 47 سال بعد ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات ہوئے اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ ترین سطح پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ امریکہ اور ایران کے صدور کے مشکور ہیں جنہوں نے دعوت قبول کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایران امریکہ مذاکرات کے دوران جو معاملات اب بھی حل طلب ہیں، انہیں حل کرانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جب پوری دنیا کی معیشت ہچکولے کھا رہی تھی تو ایسے میں پاکستان کو ثالثی کا موقع ملا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج جاپان کے وزیراعظم نے بھی پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ شاندار کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کے مطابق دونوں وفود کے درمیان 21 گھنٹے تک مذاکرات جاری رہے اور پاکستان کی کوششوں کے نتیجے میں سیز فائر اب بھی برقرار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی فراست اور حکمت عملی کے باعث سیز فائر پر اتفاق ممکن ہوا۔