عدالت نے علیمہ خان کو بڑا ریلیف دے دیا

عدالت نے علیمہ خان کو بڑا ریلیف دے دیا

راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی، جہاں عدالت نے علیمہ خان کے بلاک شناختی کارڈ کی بحالی کا حکم دوبارہ جاری کر دیا۔

اس کیس کی سماعت امجد علی شاہ نے کی سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے ظہیر علی شاہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ گزشتہ دو ماہ سے مسلسل عدالت میں پیش نہیں ہو رہیں۔

مزید مہلت دینے کے بجائے قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے، ان کا کہنا تھا کہ مسلسل غیر حاضری عدالتی عمل میں رکاوٹ بن رہی ہے اور اس کا تدارک ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں :عمران خان سے بچوں کی کیا بات ہوئی؟علیمہ خان کا اہم بیان سامنے آگیا

دوسری جانب دفاع کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ان کی مؤکلہ کا شناختی کارڈ بلاک ہونے کی وجہ سے انہیں سفر اور دیگر ضروری امور میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں، وکیل نے استدعا کی کہ شناختی کارڈ کی بحالی کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ وہ آئندہ سماعت میں پیش ہو سکیں۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت بیس اپریل تک ملتوی کر دی۔

عدالت نے آئندہ تاریخ پر علیمہ خان اور تفتیشی افسر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے، جبکہ دفاعی وکیل کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آخری گواہ پر جرح مکمل کریں۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی واضح کیا کہ شناختی کارڈ کی بحالی ضروری ہے تاکہ ملزمہ کو قانونی عمل میں شرکت کے لیے درپیش رکاوٹیں دور کی جا سکیں،عدالت نے علیمہ خان کے شناختی کارڈ کی بحالی کا حکمنامہ بھی جاری کردیا۔

editor

Related Articles