وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایم-9 موٹروے پر پیش آنے والے جان لیوا حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
انہوں نے انسپکٹر جنرل موٹروے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ حادثے کی تحقیقات کرکے جلد از جلد تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے حکام کو گاڑیوں کی فٹنس چیکنگ سختی سے یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی، خصوصاً ٹائروں کی حالت پر خصوصی توجہ دینے کا حکم دیا۔
عبدالعلیم خان نے واضح طور پر حکم دیا کہ گھسے ہوئے، کمزور یا ایکسپائر ٹائروں والی کسی بھی گاڑی کو موٹروے میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پر داخلے سے قبل تمام گاڑیوں کی مکمل اور سخت جانچ پڑتال کی جائے۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ کمرشل ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ نجی گاڑیوں کی بھی مناسب حفاظتی چیکنگ ضروری ہے۔ انہوں نے موٹروے پولیس کو ہدایت کی کہ قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر سفر کرنے والی ہر گاڑی کے لیے مقررہ حفاظتی معیار پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
عبدالعلیم خان نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر و ہمت کی دعا بھی کی۔