آئی سی سی نے ون ڈے میں کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل ایک روزہ کرکٹ میں نمبر ون بلے باز بن گئے ۔
نئی آئی سی سی مینز ون ڈے رینکنگ کے مطابق کیوی بلے باز ڈیرل مچل نے بھارتی سٹار بلے بازویرات کوہلی سے پہلی پوزیشن چھین لی، ویرات کوہلی ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے۔
بھارت میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی جو بھارت میں اس کی پہلی ون ڈے سیریز فتح ہے، مچل اس وقت 845 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ کیریئر کی بہترین سطح پر ہیں۔
ڈیرل مچل اس سے قبل نومبر میں تین دن کے لیے نمبر ون رہے تھے، جس کے بعد روہت شرما پہلی بار اپنے کیریئر میں سرفہرست آئے ، اس کے بعد ویرات کی نمبر ون پوزیشن مختصر ثابت ہوئی اور اب وہ مچل سے 50 ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں۔
نئی رینکنگ میں افغانستان کے ابراہیم زدران ایک درجہ ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے، پاکستانی سٹار بلے باز بابر اعظم کی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں چھٹی پوزیشن برقرار ہے جبکہ سلمان علی آغا ایک درجہ ترقی کے بعد 16ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی باؤلرز کی رینکنگ میں بھارت کے ورون چکروتی بدستور پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ افغانستان کے راشد خان دو درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں، پاکستان کے اسپنر ابرار احمد کی پانچویں پوزیشن برقرار ہے۔