خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے اڈیالہ جیل کے باہر قیام پر شدید تنقید کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر عباداللہ خان نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام سنگین مسائل میں گھرے ہوئے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ قیدی نمبر 804 کی سیاست میں مصروف ہیں۔
ڈاکٹر عباداللہ خان کا کہنا تھا کہ تیراہ کے متاثرین بے یار و مددگار ہیں، لیکن وزیر اعلیٰ عوامی ریلیف کے بجائے اڈیالہ جیل کے باہر رات گزار کر سیاسی شو کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ نے خود اعتراف کیا ہے کہ انہیں صوبے سے زیادہ ایک سیاسی قیدی کی فکر لاحق ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں بدامنی اور کرپشن عروج پر ہے، مگر وزیر اعلیٰ کی ترجیحات متنازع اور غیر ذمہ دارانہ ہیں۔ صوبے کے عوام کے مسائل کو پسِ پشت ڈال کر انتشاری سیاست کو ہوا دی جا رہی ہے جس سے مزید عدم استحکام کا خدشہ ہے۔
ڈاکٹر عباداللہ خان نے سوال اٹھایا کہ کیا خیبر پختونخوا کی قیادت عوام کے ساتھ کھڑی ہے یا ایک سیاسی قیدی کے گرد گھوم رہی ہے؟ تیراہ کے عوام آج بھی حکومتی توجہ کے منتظر ہیں، جبکہ وزیر اعلیٰ عملی اقدامات کے بجائے نمائشی سیاست میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔