سینئر صحافی ارشاد بھٹی نے ایک مرتبہ پھر معافی مانگ لی

سینئر صحافی ارشاد بھٹی نے ایک مرتبہ پھر معافی مانگ لی

سینئر صحافی ارشاد بھٹی نے کہا ہے کہ انہیں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے نوٹس موصول ہو چکا ہے، جس میں انہیں کل لاہور میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اپنے وی لاگ میں گفتگو کرتے ہوئے ارشاد بھٹی نے کہا کہ چیف سیکریٹری پنجاب کی رہائش گاہ کی مبینہ تزئین و آرائش سے متعلق خبر ان کی اپنی تحقیقاتی رپورٹ نہیں تھی بلکہ پبلک ٹی وی کی خبر تھی، جسے انہوں نے متعلقہ صحافی کے نام کے ساتھ من و عن اپنے وی لاگ میں بیان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ تزئین و آرائش نہیں ہوئی تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔

ارشاد بھٹی کے مطابق مذکورہ خبر پنجاب میں مبینہ شاہ خرچیوں، مہنگائی اور دیگر معاملات سے متعلق تھی، تاہم اس میں ایک نکتے پر تنازع پیدا ہوا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ چیف سیکریٹری پنجاب کی رہائش گاہ کے لان پر 22 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں اس خبر کا دو روز بعد علم ہوا، جس کے بعد انہوں نے اسے اپنے وی لاگ میں پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں:  ارشاد بھٹی کا میرا انٹرویو، صحافی کا مؤقف سامنے آگیا

سینئر صحافی نے کہا کہ بعد ازاں انہوں نے اپنے وی لاگ اور سوشل میڈیا پیغام میں واضح کیا تھا کہ اگر پنجاب حکومت سمجھتی ہے کہ خبر میں شامل کوئی نکتہ غلط ہے تو اس کی نشاندہی کی جائے، وہ اسے درست کر دیں گے۔

ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ ان کی چیف سیکریٹری پنجاب سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی اور نہ ہی ان کے ساتھ کوئی ذاتی اختلاف یا دشمنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکریٹری ان کے لیے قابل احترام شخصیت ہیں اور اگر خبر میں تزئین و آرائش یا لان کی تعمیر سے متعلق معلومات غلط ہیں تو وہ بلا جھجھک معذرت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر متعلقہ ٹی وی چینل بھی اپنی خبر سے دستبردار ہو جاتا ہے تو وہ ایک بار پھر معذرت کریں گے۔ ان کے بقول، ’’اگر کسی خبر میں کوئی غلطی ہو جائے تو معذرت کرنے سے قد چھوٹا نہیں ہوتا۔ ماضی میں بھی جب مجھ سے غلطی ہوئی، میں نے معذرت کی اور ہر غلطی سے سیکھنے کی کوشش کی۔‘‘

یہ بھی پڑھیں: عمران ریاض، صابر شاکر، عادل راجہ ، شہباز گل کے دعوے ٹھس، پی ٹی آئی کوذلت آمیز شکست

Related Articles