محکمۂ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند روز کے دوران ملک بھر میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے جبکہ کئی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے جبکہ رات اور صبح کے اوقات میں خنکی میں اضافہ محسوس کیا جائے گا، مری، گلیات اور ملحقہ بالائی علاقوں میں بھی موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں پہاڑی سلسلوں میں ہلکی برفباری بھی متوقع ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہے گا، بالائی پنجاب کے علاقوں میں دھند کے باعث حدِ نگاہ میں کمی جبکہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں سردی میں اضافہ متوقع ہے۔
دریں اثنا شدید دھند کے باعث حدنگاہ کم ہونے پر موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی تک بند ہے، عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق آج بہاولپور 389 ایئر انڈیکس کے ساتھ ملک کا آلودہ ترین شہر ہے۔
ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق گوجرانوالہ میں 308 ریکارڈ، لاہور 192 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کے بڑے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم کراچی، حیدرآباد اور ساحلی پٹی میں صبح اور رات کے وقت خنکی بڑھنے کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا، خصوصاً سوات، دیر، چترال اور مانسہرہ جیسے بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد رہنے کے ساتھ پہاڑی مقامات پر برفباری کی ہلکی جھلک دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ قلات، زیارت اور چمن میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کی پیشگوئی ہے۔
گلگت بلتستان میں موسم سخت سرد رہے گا اور بعض مقامات پر ہلکی بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ، اسی طرح کشمیر میں بھی چند مقامات پر بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔