وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آئندہ ایک سے دو ہفتوں کے دوران پیٹرول کی قیمت میں مزید کمی کا امکان ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیر اعظم رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حالیہ بین الاقوامی صورتحال اور امریکا و ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں نیچے رہنے کی توقع ہے جس کے اثرات پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑ سکتے ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ان کے اندازے کے مطابق آئندہ ایک یا دو ہفتوں میں پیٹرول کی قیمت میں مزید کمی ہو سکتی ہے کیونکہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں تقریباً 60 روز تک کم رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں حکومت پر دباؤ ڈال رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تیل کمپنیوں نے حکومت کے ساتھ تعاون کیا ہے اور ملک بھر میں کسی بھی پیٹرول پمپ پر نہ تو سپلائی کا بحران پیدا ہوا اور نہ ہی کسی قسم کی کشیدگی دیکھنے میں آئی۔
یاد رہے رواں ہفتے حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کیا ہے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 97 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے بعد نئی قیمت 297 روپے 53 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل پیٹرول 299 روپے 50 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی ایک روپے 97 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمت 309 روپے 50 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ پہلے یہ 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر تھی۔