چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی علما و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستِ طیبہ اور ریاستِ پاکستان کا آپس میں گہرا تعلق ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عزت اور طاقت تقسیم سے نہیں، محنت اور علم سے حاصل ہوتی ہے ۔
فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ دہشتگردی پاکستان کا نہیں، ہندوستان کا وطیرہ ہے ہم دشمن کو چھپ کر نہیں، للکار کر مارتے ہیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تمام مسلم ممالک میں سے محافظینِ حرمین کا شرف پاکستان کو عطا کیا۔انہوں نے کہا کہ جس قوم نے علم اور قلم کو چھوڑا، تو انتشار اور فسادِ ارض نے وہاں جگہ بنالی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔
قبل ازیں اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں قومی علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے معرکۂ حق میں پاکستان کو عظیم کامیابی عطا کی اور پوری قوم کی دعائیں قبول کیں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کے خلاف جنگ کو جرات سے لیڈ کیا اور مسلح افواج نے بہادری اور جرات کے ساتھ بھارت کو شکست دی۔
وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر سپاہی کی بے مثال کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے معرکۂ حق میں جرات مندانہ جنگ لڑتے ہوئے بھارت کے خلاف عظیم فتح حاصل کی۔انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت نے مل کر کام کیا اور ڈیفالٹ کرتی ہوئی معیشت کو دوبارہ پٹڑی پر لایا گیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ معرکۂ حق کے بعد پاکستان تیزی سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، اور ملک کی ترقی کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے نوجوان ملک کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، جبکہ ملکی ترقی کے لیے استحکام اور اتحاد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کی معاشی ترقی کا سفر شروع ہونے والا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ خوارج کے حملوں میں معصوم پاکستانی شہید ہو رہے ہیں، ایسے میں اداروں کا دفاع سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قرض واپس کرے گا اور اپنی دولت خود پیدا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کیا جائے تو اس کا دفاع کرنا پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔