کلکتہ میں میسی کے مجسمے کی نقاب کشائی شدید بدنظمی کا شکار، میسی تقریب ادھوری چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور

کلکتہ میں میسی کے مجسمے کی نقاب کشائی  شدید بدنظمی کا شکار، میسی  تقریب ادھوری چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور

کلکتہ میں میسی کے مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب شدید بدنظمی کا شکارہوگئی جس کے باعث میسی تقریب ادھوری چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق تین روزہ ’گاٹ ٹور‘ کے سلسلے میں بھارت پہنچنے والے ارجنٹائن کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی نے کلکتہ میں اپنے 70 فٹ بلند مجسمے کی نقاب کشائی کی، تاہم اس موقع پر ہونے والی شدید بدنظمی نے تقریب کو کشیدہ ماحول میں بدل دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سالٹ لیک اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب کے دوران میسی صرف 10 سے 15 منٹ کے لیے موجود رہے۔ اس دوران گراؤنڈ میں موجود وی آئی پیز نے اسٹار فٹ بالر کو گھیرے میں لے لیا، جس کی وجہ سے میسی کے مداح مشتعل ہو گئے اور اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ شروع ہو گئی۔ مشتعل مداحوں نے بوتلیں اور کرسیاں پھینکی، جس کے نتیجے میں ایونٹ کا ماحول انتہائی کشیدہ ہو گیا۔

شدید بدنظمی کے پیش نظر تقریب کے مرکزی منتظم کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس گرفتاری کی تصدیق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جاوید شمیم نے کی۔ بدترین صورتحال کے پیش نظر اسٹیڈیم میں اینٹی رائٹ فورس بھی تعینات کرنی پڑی۔

رپورٹس کے مطابق سالٹ لیک اسٹیڈیم میں اس ایونٹ کے ٹکٹ 5 ہزار سے 25 ہزار بھارتی روپے میں فروخت کیے گئے تھے، لیکن متعدد شائقین نے شکایت کی کہ اتنی بھاری رقم ادا کرنے کے باوجود وہ میسی کو واضح طور پر دیکھ نہ سکے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی فوج کی سفاکانہ کارروائیاں جاری، مزید ایک نوجوان کی مسخ شدہ لاش برآمد

میڈیا کے مطابق میسی مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 15 منٹ پر اسٹیڈیم پہنچے اور تقریباً 20 منٹ تک وہاں موجود رہے۔ ان کا مقصد اسٹیڈیم کا مکمل چکر لگانا تھا، لیکن بدنظمی کی وجہ سے وہ ایسا نہ کر سکے اور انتظامیہ نے فوری طور پر انہیں وہاں سے نکال لیا۔

مشتعل شائقین نے کہا کہ اسٹینڈز سے انہیں مناسب نظارہ نہ مل سکا کیونکہ وزرا، سیکیورٹی اہلکار اور خصوصی مہمان میسی کے قریب موجود تھے۔ مداحوں کا کہنا تھا کہ میسی نے نہ تو فٹ بال کک کی اور نہ ہی کوئی اور سرگرمی دکھائی، اور یہ ایونٹ ان کے لیے انتہائی مایوس کن ثابت ہوا۔

اس طرح تین روزہ ’گاٹ ٹور‘ کے دوران میسی کی کلکتہ آمد کے موقع پر ہونے والی بدنظمی اور انتظامی ناکامی نے شائقین کے جذبات میں شدید مایوسی پیدا کر دی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *