خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کا کوہاٹ میں منعقد ہونے والا جلسہ آغاز سے قبل ہی مشکلات کا شکار ہو گیا، جب اسٹیج پر نصب کیا گیا دیوقامت بورڈ اچانک گر پڑا، جس کے نتیجے میں جلسہ گاہ میں موجود کارکنوں اور انتظامیہ میں افراتفری پھیل گئی۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا پشاورجلسہ فلاپ،عوام نے انتشار کی سیاست کو مسترد کردیا
عینی شاہدین کے مطابق جلسہ شروع ہونے سے پہلے اسٹیج پر تیاریوں کا کام جاری تھا کہ اسی دوران اسٹیج کے عقب میں لگایا گیا بڑا بورڈ توازن برقرار نہ رکھ سکا اور زمین پر آ گرا۔ واقعے کے فوراً بعد کارکنوں میں افراتفری پھیل گئی، جبکہ متعدد افراد بورڈ سے خود کو بچانے کے لیے ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کرتے نظر آئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ انتظامیہ اور پارٹی کارکنوں نے فوری طور پر صورتحال پر قابو پاتے ہوئے جلسہ گاہ میں پھیلنے والی افراتفری کو بحال کیا۔
پارٹی اراکین کے مطابق بورڈ گرنے کی وجہ تیز ہوا یا تنصیب میں تکنیکی خرابی ہو سکتی ہے، جس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ورکرز کا کہنا ہے کہ ’جلسے کے لیے لگائے گئے اسٹیج اور دیگر انتظامات کا دوبارہ جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے‘۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی رہنمائوں کا بیرسٹر گوہر کیخلاف عمران خان کو خط لکھنے کا فیصلہ
واقعے کے بعد کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ پرسکون رہیں اور انتظامیہ سے تعاون کریں۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ جلسہ انتظامی رکاوٹوں کے باوجود شیڈول کے مطابق منعقد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس طرح کے واقعات جلسوں میں حفاظتی انتظامات پر سوالیہ نشان کھڑا کرتے ہیں اور انتظامیہ کو چاہیے کہ بڑے عوامی اجتماعات سے قبل حفاظتی معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

