عالمی نشریاتی اداروں کی جانب سے سڈنی کے بونڈائی بیچ حملے میں ملوث حملہ آور کے بھارتی شہری ہونے کی تصدیق کے باوجود گودی میڈیا اور مودی سرکار کی فیک نیوز فیکٹریاں حملہ آور کو پاکستانی شہری قرار دینے کے لیے سرگرم دکھائی دیتی ہیں۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے سڈنی حملہ آور کو پاکستانی نوجوان ظاہر کرنے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سڈنی کے بونڈائی بیچ حملے کے بعد بھارت، افغانستان اور اسرائیل نے پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا شروع کر دیا۔ حملہ آور کی بطور بھارتی شہری شناخت سامنے آنے کے بعد عالمی سطح پر اپنے شرپسند اور دہشتگردی کے کردار کو چھپانے کے لیے بھارتی ٹی وی چینل ری پبلک ٹی وی کی جانب سے پاکستان کے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا پھیلانے کے لیے خصوصی نشریات چلائی جا رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا اس مہم کے ذریعے پہلگام فالس فلیگ آپریشن میں اپنی عبرتناک اور تاریخی شکست کو چھپانے اور اپنی عوام کو ایک مرتبہ پھر گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جس کے لیے سڈنی حملے کو جواز بنا کر پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ عالمی نشریاتی اداروں کی متعدد رپورٹس میں یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ سڈنی حملہ آور بھارتی شہری تھا اور اس کا تعلق بھارت سے تھا، تاہم اس کے باوجود پاکستان مخالف پروپیگنڈا جاری رکھا گیا۔ پاکستان کے خلاف اس مہم میں بھارت کی نیوز ایجنسی اے این آئی بھی شامل ہے، جو حکمران جماعت بی جے پی کے لیے کام کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتی ہے۔ ڈس انفارمیشن پھیلانے کے معاملے پر بی جے پی کا نام ڈس انفولیب میں آ چکا ہے جبکہ اے این آئی کے لیے کام کرنے والی سمیتا پرکاش جھوٹ پھیلانے میں سب سے آگے رہیں۔
اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کی جانب سے بھی حملہ آوروں کی شہریت سے متعلق پروپیگنڈا کیا گیا۔ دوسری جانب آسٹریلین پولیس نے اب تک کسی بھی مرحلے میں پاکستان کا نام نہیں لیا، لیکن اس کے باوجود بھارت اور اسرائیل حملہ آوروں کو پاکستان سے جوڑنے میں لگے رہے۔