معروف پاکستانی اداکار شان شاہد نے صحافی ارشاد بھٹی اور اداکارہ میرا کے درمیان حالیہ تنازع پر خاموشی توڑتے ہوئے اہم ردعمل دیا ہے۔
اداکارہ میرا گزشتہ دنوں خبروں میں اس وقت آئیں جب انہوں نے ارشاد بھٹی اور ریحان طارق کے پوڈکاسٹس میں شرکت کی، جہاں ان سے کیے گئے متنازع اور نازیبا سوالات سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے۔
ان انٹرویوز کے دوران میرا نے کسی بھی تنازع پر براہ راست ردعمل دینے سے گریز کیا اور اپنی آنے والی فلم “Psycho” کی تشہیر جاری رکھی۔ اس معاملے پر انہیں مداحوں، میڈیا شخصیات اور شوبز انڈسٹری کے افراد کی جانب سے بھرپور حمایت بھی حاصل ہوئی۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے شان شاہد نے کہا کہ وہ ایک بات نہیں سمجھتے کہ تحقیقی صحافت اور انٹرٹینمنٹ جرنلزم دو الگ شعبے ہیں، تو پاکستان میں سیاسی صحافت اپنی حدود عبور کرتے ہوئے انٹرٹینمنٹ کے دائرے میں کیوں داخل ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے سوالات اکثر تفتیش جیسے محسوس ہوتے ہیں، جیسے فنکار کسی انٹرویو میں نہیں بلکہ عدالت یا نیب کے سامنے بیٹھے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافت سے وابستہ افراد کو انٹرٹینمنٹ جرنلزم سیکھنی چاہیے، جس میں فنکار کے کام پر بات کی جائے نہ کہ اسے تحقیقاتی انداز میں کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
شان شاہد نے مزید کہا کہ یہ مایوس کن بات ہے کہ لوگ فنکاروں سے ہر وقت مکمل دیانتداری اور پاکیزگی کی توقع رکھتے ہیں، حالانکہ انسان غلطیاں کرتا ہے، اس لیے پوڈکاسٹ میں آنے والے مہمانوں سے مکمل کمال کی توقع رکھنا درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے کئی اچھے لوگوں کو ایسے منفی رویے اپناتے دیکھا ہے، “ہم انہیں دیکھتے ہیں، فالو کرتے ہیں، عزت دیتے ہیں اور ان کے تجزیے سنتے ہیں، لیکن پھر وہ خود ہی اپنی عزت کھو دیتے ہیں۔”
آخر میں شان شاہد نے کہا کہ اب فنکاروں کو چاہیے کہ وہ کسی بھی پوڈکاسٹ میں شرکت سے پہلے میزبانوں کے ذاتی پس منظر کے بارے میں مکمل تحقیق کریں۔