پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پشاور زلمی کو 6 وکٹ سے شکست دے دی۔
یہ میچ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔
زلمی کی جانب سے مائیکل بریسویل نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 83 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم نے 59 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کو بڑا اسکور بنانے میں مدد دی۔
ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 200 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کر لیا، فخر زمان نے 58 رنز کی اہم اننگز کھیلی جبکہ ڈینئل سیمز 35 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس شکست کے ساتھ پشاور زلمی کو موجودہ سیزن میں پہلی بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، لاہور قلندرز کی اس فتح کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر بھی صورتحال میں تبدیلی آئی ہے، جبکہ کراچی کنگز پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم اب بھی پلے آف کی دوڑ میں شامل ہے، تاہم اسے اگلے میچ میں راولپنڈی کی ٹیم کو شکست دینا ہوگی، اس کے ساتھ ساتھ بہتر رن ریٹ حاصل کرنے کے لیے اسے یا تو بڑا مارجن حاصل کرنا ہوگا یا پھر ہدف بہت کم اوورز میں پورا کرنا ہوگا۔