پاکستان کی شوبز انڈسٹری سے وابستہ عالمی شہرت یافتہ گلوکار و اداکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ وہ انڈسٹری میں سیاسی ماحول دیکھ کر کئی بار شوبز کو خیر باد کہنے کا سوچ چکے ہیں۔
حال ہی میں علی ظفر نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی شوبز زندگی سے متعلق خیالات کا اظہار کیا، گفتگو کے دوران انہوں نے شوبز کو مکمل طور پر خیرباد کہنے سے متعلق اپنے جذبات کا بھی اظہار کیا۔
علی ظفر کا کہنا تھا کہ میں اپنے کیریئر سے محبت کرتا ہوں اور مجھے پاکستان سے بے پناہ محبت اور عزت ملی ہے ، لیکن دل سے محض ایک فنکار ہوں، ایک معصوم خواہش کے ساتھ شوبز میں آیا تھا کہ صرف فن تخلیق کروں۔
ان کا کہنا تھا کہ میری واحد خواہش یہی تھی کہ تخلیقی کام جاری رکھوں، لیکن جب اس شعبے میں سیاست شامل ہو جاتی ہے اور انسان کو متاثر کرتی ہے تو وہ انسان کو بدل کر کچھ اور بنا دیتی ہے، اسی مرحلے پر میں نے سوچا کہ شاید سب کچھ چھوڑ دینا ہی بہتر ہو۔
علی ظفر نے یہ بھی کہا کہ مشکل وقت میں میرے اہلِ خانہ کی حمایت ہی وہ عنصر تھا جس نے مجھے ہر آزمائش سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں علی ظفر نے گلوکارہ میشا شفیع کیخلاف 8 سالہ قانونی جنگ جیتی ہے ، ان تنازعات کے باعث ابتدائی طور پر ان کے کیریئر کو نقصان پہنچا، تاہم انہوں نے اس کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔