وفاقی حکومت نے ملک بھر میں 25 دسمبر بروز جمعرات عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ تعطیل بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش اور کرسمس کے موقع پر دی جا رہی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اس فیصلے کا باضابطہ نوٹی فکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔
اعلان کے مطابق 25 دسمبر کو تمام سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے اور بینک بند رہیں گے۔ اس دن ملک بھر میں قائد اعظمؒ کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی، جبکہ مسیحی برادری اپنے مذہبی تہوار کرسمس کی خوشیاں بھی منائے گی۔
ادھر خیبر پختونخوا میں تعلیمی اداروں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے، جس کے باعث طلبہ و طالبات کو مزید سہولت حاصل ہوگی۔ ان تعطیلات کا مقصد سرد موسم کے پیش نظر طلبہ کی صحت اور تعلیمی سرگرمیوں کو متوازن رکھنا بتایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے 26 دسمبر کو بھی صوبہ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ یہ تعطیل خصوصی طور پر مسیحی برادری کے لیے دی گئی ہے تاکہ وہ کرسمس کی تقریبات اور مذہبی سرگرمیوں کو سکون کے ساتھ منا سکیں۔ سندھ حکومت کے اس اقدام کو مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
قومی اور مذہبی تہواروں پر تعطیلات کا مقصد مختلف طبقات کو یکساں احترام دینا اور معاشرے میں رواداری کو فروغ دینا ہے توقع ظاہر کی ہے کہ اس دن قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کا عملی مظاہرہ دیکھنے کو ملے گا۔