انڈر19 ایشیا کپ میں بھارت کو پاکستان کی جیت ہضم نہ ہوئی، بڑا فیصلہ کرلیا

انڈر19 ایشیا کپ میں بھارت کو پاکستان کی جیت ہضم نہ ہوئی، بڑا فیصلہ کرلیا

پاکستان کے ہاتھوں انڈر19 ایشیاکپ کے فائنل میں بدترین شکست کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ شدید دباؤ کا شکار ہوگیا ہے اور ناکامی کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کے خلاف فائنل میں عبرتناک ہار بھارتی حکام اور کرکٹ شائقین کے لیے ہضم کرنا مشکل ثابت ہورہی ہے، جس کے بعد ٹیم اور مینجمنٹ کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں یہ سوال زور پکڑ گیا ہے کہ فائنل جیسے اہم مقابلے میں بھارتی ٹیم پاکستان سے کیوں ہاری۔ اسی تنقیدی دباؤ کے پیش نظر بھارتی کرکٹ بورڈ نے انڈر19 ٹیم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے اور تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چیف آف ڈیفنس فورسز ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سےانڈر19 کرکٹ ٹیم کی ملاقات

بھارتی کرکٹ بورڈ کے مؤقف کے مطابق پاکستان سے اس نوعیت کی شکست ناقابل قبول ہے، اسی لیے ٹیم کے کوچ رشی کیش کنیٹکر اور کپتان آیوش مہاترے سے ناکامی کی وجوہات پر وضاحت طلب کی جائے گی۔ بورڈ حکام کا ماننا ہے کہ فائنل میں ٹیم کی حکمت عملی، بیٹنگ لائن اور فیلڈنگ میں سنگین خامیاں سامنے آئیں۔

ذرائع کے مطابق جونئیر ورلڈکپ سے قبل آیوش مہاترے کو کپتانی سے ہٹانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جبکہ کھلاڑیوں کے رویے، نظم و ضبط اور میدان میں پیشہ ورانہ طرزعمل کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ممکنہ طور پر ٹیم مینجمنٹ میں بھی تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔

یاد رہے کہ انڈر19 ایشیاکپ کے گروپ مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی، جس کے بعد بھارتی میڈیا اور بعض حکام کی جانب سے غرور اور تکبر کا مظاہرہ کیا گیا اور گرین شرٹس کو فائنل میں سنجیدہ حریف تصور نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں:انڈر19 ایشیا کپ فائنل: سمیر منہاس کا بھارت کے خلاف ون مین شو، چوکوں اور چھکوں کی بارش

تاہم دبئی میں گزشتہ اتوار کو کھیلے گئے فائنل میں پاکستانی انڈر19 ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بھارت کو مکمل طور پر بے بس کردیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 348 رنز کا بڑا ہدف دیا، جس کے جواب میں بھارتی ٹیم صرف 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور 191 رنز کے بھاری مارجن سے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ماہرین کے مطابق اس تاریخی فتح نے نہ صرف پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا بلکہ بھارتی کرکٹ نظام کے لیے بھی کئی سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جن کے جواب اب بھارتی کرکٹ بورڈ تحقیقات کے ذریعے تلاش کرنے کی کوشش کرے گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *