شدید گرمی کی لہر کے دوران اچانک بارشیں، آج بادل کہاں کہاں برسیں گے، محکمہ موسمیات نے بتا دیا

شدید گرمی کی لہر کے دوران اچانک بارشیں، آج بادل کہاں کہاں برسیں گے، محکمہ موسمیات نے بتا دیا

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے آئندہ چند روز کے دوران شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا انتباہ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بارش متوقع ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوہستان، سوات، مالم جبہ، کالام اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے جبکہ بعض علاقوں میں ہلکی بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔ دوسری جانب مری اور گلیات میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین کیلئے ریلیف کا اعلان، وزارت پاور ڈویژن نے خوشخبری سنا دی

رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ وسطی و جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج سے 31 مئی تک ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے جس کے باعث ہیٹ ویو کی صورتحال مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر جیکب آباد، لاڑکانہ، دادو، سبی، تربت، ڈیرہ غازی خان اور ملتان سمیت جنوبی پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

ادھر کراچی میں درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، تاہم سمندری ہواؤں کی بحالی سے موسم نسبتاً بہتر رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور بچوں و بزرگوں کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

editor

Related Articles