بجلی صارفین کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے پاور ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ آئندہ ماہ بجلی کے ریفرنس ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا جبکہ صارفین کو اضافی ریلیف ملنے کا بھی امکان ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق بروقت اور مؤثر حکومتی اقدامات کے باعث جون کے مہینے میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا بلکہ صارفین کو تقریباً 20 پیسے فی یونٹ تک ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایسے اقدامات کیے ہیں جن کی بدولت بجلی صارفین کو 5 سے 6 روپے فی یونٹ تک ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے ممکنہ اضافی بوجھ سے بچا لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایل این جی کی فراہمی میں رکاوٹ اور مہنگے فرنس آئل کے استعمال کے باوجود صارفین پر کوئی اضافی مالی دباؤ منتقل نہیں کیا جائے گا۔
پاور ڈویژن کے مطابق بروقت منصوبہ بندی اور توانائی پالیسیوں کے تسلسل کے باعث صارفین کو ممکنہ 38 ارب روپے کے اضافی بوجھ سے محفوظ رکھا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کو 1.73 روپے فی یونٹ اضافے تک محدود رکھا گیا، جس سے بجلی کے نرخوں میں بڑے اضافے کو روکا جا سکا۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی طلب میں اضافے، خصوصی پیکج اور مؤثر انتظامی حکمت عملی کے باعث صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ممکن ہوا۔ مزید یہ کہ مقامی گیس کی اضافی فراہمی اور درآمدی کوئلے سے چلنے والے پلانٹس سے بجلی پیداوار بڑھا کر لوڈ مینجمنٹ میں بھی نمایاں کمی کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بجلی صارفین کو 65 ارب روپے کی واپسی ممکن بنائی گئی جبکہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین کو 1.93 روپے فی یونٹ تک ریلیف دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ نے نہ صرف ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے اثرات کو مکمل طور پر ختم کیا بلکہ انتہائی مشکل معاشی حالات کے باوجود صارفین کو مزید ریلیف بھی فراہم کیا گیا۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ حکومت بجلی صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے اور توانائی کے شعبے میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے