عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی نئے سال کے آغاز پر عوام کے لیے ریلیف کی امید پیدا ہو گئی ہے، بین الاقوامی سطح پر خام تیل اور تیار شدہ پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ کم ہونے سے ملکی سطح پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں، جس کا براہِ راست فائدہ صارفین کو پہنچ سکتا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی فی بیرل قیمت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے،عالمی سطح پر پٹرول کی قیمت 75 ڈالر 5 سینٹ فی بیرل سے کم ہو کر 69 ڈالر 73 سینٹ فی بیرل تک آ گئی ہے، یعنی فی بیرل 5 ڈالر 32 سینٹ کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ عالمی قیمتوں میں اس کمی کے اثرات ملکی سطح پر بھی سامنے آ رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت میں 11 روپے فی لیٹر کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 145 روپے 66 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی ہے۔ اس سے قبل رواں ماہ 15 دسمبر کو پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 156 روپے 66 پیسے فی لیٹر تھی، یہ کمی اگر صارفین تک منتقل کی جاتی ہے تو مہنگائی کے دباؤ میں کسی حد تک کمی آ سکتی ہے۔
اسی طرح عالمی منڈی میں ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، بین الاقوامی مارکیٹ میں ڈیزل کی فی بیرل قیمت 84 ڈالر 27 سینٹ سے کم ہو کر 79 ڈالر 92 سینٹ تک آ گئی ہے، جس میں 4 ڈالر 35 سینٹ فی بیرل کی کمی شامل ہے۔ اس کے نتیجے میں ملکی سطح پر ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں 9 روپے 57 پیسے فی لیٹر کی کمی ہوئی ہے اور نئی قیمت 155 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے جو پہلے 164 روپے 92 پیسے تھی۔
ماہرین کے مطابق اگر حکومت عالمی قیمتوں کے مطابق نرخوں میں ردوبدل کا فیصلہ کرتی ہے تو نئے سال کے آغاز پر عوام کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی صورت میں ریلیف مل سکتا ہے تاہم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حتمی کمی یا اضافہ وفاقی حکومت کے فیصلے سے مشروط ہوگا جس کا اعلان آئندہ دنوں میں متوقع ہے۔