نئے سال کی آمد سے قبل این سی سی آئی اے نے اہم الرٹ جاری کردیا

نئے سال کی آمد سے قبل این سی سی آئی اے نے اہم الرٹ جاری کردیا

نئے سال کے آغاز کے موقع پر آن لائن فراڈ کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن اتھارٹی (این سی سی آئی اے) نے عوام کے لیے ایک اہم حفاظتی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اتھارٹی نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ نئے سال کی خوشیوں کے دوران سائبر مجرموں کے جال میں پھنسنے سے بچیں اور سوشل میڈیا و میسجنگ ایپس کے استعمال میں غیر معمولی احتیاط برتیں۔

این سی سی آئی اے کے مطابق نئے سال کی آمد پر جعلی مبارکبادی پیغامات، تحائف کے دعوے اور مشکوک لنکس تیزی سے گردش کر رہے ہیں، جن کا مقصد صارفین کی ذاتی معلومات چرانا ہے۔ الرٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کسی بھی نامعلوم یا غیر مصدقہ لنک پر کلک نہ کیا جائے اور نہ ہی اپنا واٹس ایپ تصدیقی کوڈ یا دیگر حساس معلومات کسی کے ساتھ شیئر کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں :ڈیجیٹل فراڈ اسکینڈل: سائبر کرائم ایجنسی مزید یوٹیوبرز کو طلب کرلیا،کون کون شامل؟

سائبر سکیورٹی ماہرین کے مطابق فراڈ کرنے والے عناصر واٹس ایپ اور دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے جعلی ایپ فائلز، میلویئر لنکس اور ڈیجیٹل گریٹنگ کارڈز بھیج رہے ہیں۔ ان پیغامات میں صارفین کو نئے سال کے خصوصی تحائف یا مبارکباد حاصل کرنے کے لیے لنک پر کلک کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ جیسے ہی صارف اس لنک پر کلک کرتا ہے  اس کا موبائل فون ہیک ہونے کے خطرے سے دوچار ہو جاتا ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایسے فراڈ کے نتیجے میں موبائل فون میں موجود قیمتی ڈیٹا، تصاویر، رابطہ نمبرز اور حتیٰ کہ بینک اکاؤنٹس کی حساس معلومات بھی سائبر مجرموں کے ہاتھ لگ سکتی ہیں۔ این سی سی آئی اے نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں اور اپنی ڈیجیٹل سیکیورٹی کو سنجیدگی سے لیں۔الرٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ احتیاط ہی بہترین دفاع ہے، اس لیے نئے سال کی خوشیوں کو فراڈیوں کی نظر سے محفوظ رکھنے کے لیے ہوشیار رہیں اور ذمہ دار رویہ اپنائیں۔

editor

Related Articles