پاکستانی طیاروں کے ہاتھوں مار کھانے کے بعد بھارت اب پاکستانی غباروں سے بھی خوفزدہ نظر آنے لگا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ’پی آئی اے‘ کے لوگو والا ایک غبارہ نظر آتے ہی بھارتی فورسز میں کھلبلی مچ گئی اور سیکیورٹی اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیلے اور سفید رنگ کے اس غبارے پر سبز رنگ سے ’پی آئی اے‘ تحریر تھا، جسے دیکھتے ہی بھارتی فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ بھارتی فورسز نے غبارے کو قبضے میں تو لے لیا، تاہم خوف کا یہ عالم تھا کہ اہلکار اسے براہِ راست ہاتھ لگانے سے کتراتے رہے۔
عینی شاہدین کے مطابق بھارتی فوجی اہلکاروں نے غبارے کو ہاتھ میں پکڑنے کے بجائے ایک ڈنڈے کے ذریعے اٹھایا اور ابتدائی معائنے کے بعد اسے مزید جانچ کے لیے قریبی کیمپ منتقل کر دیا۔ اس دوران سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات بھی کیے گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں بھی اس واقعے کی تصدیق کی گئی ہے، جن میں بتایا گیا ہے کہ نیلے اور سفید رنگ کے اس غبارے پر سبز رنگ میں ’پی آئی اے‘ لکھا ہوا تھا، اور بھارتی فورسز نے اسے مشکوک قرار دے کر فوری کارروائی کی۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ بھارتی فورسز کی ذہنی کیفیت اور خوف کی عکاسی کرتا ہے۔ حالیہ عرصے میں بھارتی فوج کو پاکستانی طیاروں کے ہاتھوں سخت سبکی کا سامنا کرنا پڑا تھا، اور اب ایک سادہ پاکستانی غبارے سے خوفزدہ ہونا صورتحال کو مزید دلچسپ بنا رہا ہے۔
واقعے نے سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر لی ہے، جہاں صارفین اس پر طنزیہ تبصرے کرتے دکھائی دے رہے ہیں اور اسے بھارتی فورسز کی بوکھلاہٹ سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔