پنجاب : شادی ہالز اور مارکیز میں سکشن ہُڈ لازمی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا اعلان

پنجاب : شادی ہالز اور مارکیز میں سکشن ہُڈ لازمی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا اعلان

پنجاب بھر میں ریسٹورنٹس کے بعد اب شادی ہالز، بینکوئٹ ہالز اور مارکیز میں بھی سکشن ہُڈ کی تنصیب لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

 ڈی جی ماحولیات پنجاب ڈاکٹر عمران حامد شیخ  کاکہنا ہے کہ لائیو کوکنگ اور باربی کیو سے نکلنے والا دھواں ماحولیاتی جرم ہے اور اس کے لیے کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔

ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے مطابق، سکشن ہُڈ کے بغیر شادی ہال چلانا قانون کی خلاف ورزی ہے اور فوری سیلنگ کے ساتھ قانونی کارروائی ہوگی، تمام شادی ہالز اور مارکیز کے مالکان کے لیے آخری تاریخ 31 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے، اس تاریخ تک سکشن ہُڈ لازمی نصب کرنی ہوگی۔

ڈی جی ماحولیات نے مزید کہا کہ فضائی آلودگی پھیلانے والے شادی ہالز اور مارکیز کے خلاف سموگ قوانین کے تحت بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے، رہائشی علاقوں میں دھواں چھوڑنے والے کاروبار اب بند ہوں گے اور کسی بھی دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : صوبائی حکومت کا تین روز کیلئے بسیں اور رکشے فری چلانے کا اعلان

پنجاب بھر میں یہ حکم فوری نافذ کیا گیا ہے اور عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن ہوگا،  ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے واضح کیا کہ ماحول دشمن سرگرمیوں کے لیے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں ہے اور قانون سب پر برابر لاگو ہوگا۔

ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے شہری علاقوں میں فضائی آلودگی کم کرنے میں مدد ملے گی اور لوگوں کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے گا،  شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس حکم کی پابندی کریں اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔

یہ فیصلہ خاص طور پر ایسے ہالز کے لیے اہم ہے جو رہائشی علاقوں کے قریب ہیں، کیونکہ باربی کیو اور لائیو کوکنگ کے دوران نکلنے والا دھواں صحت کے لیے نقصان دہ اور فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔

editor

Related Articles